100 روزہ پروگرام قبل از انتخابات دھاندلی کا اشارہ ہو سکتا ہے، خورشید شاہ

عملی پلان نہیں،  الیکشن شوشہ ہے، جنوبی پنجاب کے لالی پاپ میں کوئی حقیقت نہیں، میڈیا سے گفتگو


اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا 100 دن کا پروگرام ناقابل عمل ہے اگر یہ پلان مقررہ مدت میں پورا ہوا تو میں سیاست چھوڑ دوں گا، اس طرح کا پروگرام دینا قبل از انتخابات دھاندلی کا اشارہ بھی ہو سکتا ہے، یہ عملی پلان نہیں،  الیکشن شوشہ ہے کیونکہ دعوؤں کی کوئی حقیقت بھی ہونی چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس ایک صوبہ تھا، وہاں کیوں عمل نہیں کیا؟  ایک کروڑ نوکریوں کی بات کرتے ہیں، صوبے میں تو پانچ ہزار بھی نہیں دے سکے، کے پی میں ترقیاتی کام دیکھ لیں اوراسکولوں کی حالت دیکھ لیں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ 100 روزہ  پروگرام  انتخابات میں کامیابی کے بعد دیا جاتا ہے پہلے نہیں، یہ الیکشن جیت کربیٹھے ہیں اس لیے 100 روزہ پروگرام دے دیا، اب یہ جیتے تو کوئی الیکشن ماننے کو تیار نہیں ہو گا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے جنوبی پنجاب کو جو لالی پاپ دیا ہے اس میں بھی کوئی حقیقت نہیں، پیپلز پارٹی کے سوا کسی جماعت نے عملی طور پر جنوبی پنجاب صوبے کی بات نہیں کی۔


متعلقہ خبریں