فخر زمان آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 0-3سے جیت کے لیے پر امید

فوٹو: فائل


قومی کرکٹر فخر زمان آسٹریلیا کی ناتجربہ کار ٹیم کیخلاف ون ڈے سیریز تین صفر سے جیتنے کے لیے پرامید ہیں۔ کہتے ہیں،اچھی کرکٹ کھیل کر رینکنگ بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھتے،‏ آسٹریلیا کی ٹیم اچھی ہے ان کے نئے کھلاڑی بھی لیگز کھیلتے ہیں۔‏ آسٹریلیا کے سینئر کھلاڑیوں کی غیرموجودگی سے فرق نہیں پڑتا، ہوتے تو اچھا ہوتا۔

ان کا کہنا ہے کہ ‏وائٹ بال سیریز میں جاری اچھی فارم کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔ ‏پلان یہی کہ زیادہ دیر تک وکٹ پر رہوں تب ہی زیادہ رنز بناسکوں گا۔بابر اعظم نے ٹیسٹ سیریز کی شکست کو بھلا کر وائٹ بال سیریز جیتنے کی تلقین کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ  سیریز کے لیے تیار کی گئی پچز بہت اچھی ہیں۔ ہوم گراونڈ پر سیریز کا پاکستان کو فائدہ ضرور ہوگا۔لاہور میں ڈیو فیکٹر رہتا ہے لیکن اس سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔ مجھے نہیں لگتا دوسری اننگز میں باولنگ کرنیوالی ٹیم کو مشکل ہوگی۔

قومی بیٹر فخر زمان کہتے ہیں آسٹریلیا کو زیر کرنے کے لیے زیادہ دیر وکٹ پر رہنا ضروری ہے ۔ لاہور میں تین سو رنز کا ٹارگٹ بہت اچھا ہو گا۔

دوسری جانب انجری کے باعث مچل مارش کی پہلے ون ڈے میں شرکت مشکوک ہونے پر آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں کی غیرموجودگی کے باوجود پاکستان کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے پاس اچھا موقع ہے وہ کارکردگی دکھا کر ٹیم میں جگہ بنانے کے مضبوط دعویدار بن سکتے ہے۔ ہمارا ہدف صرف سیریز جیتنا ہے
واضح رہے کہ پیٹ کمنز، مچل سٹارک، ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا میں شین وارن کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے واپس روانہ ہو چکے ہیں۔ جبکہ اسٹیو سمتھ،، کین رچرڈسن ان فٹ ہونے کے باعث ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب نہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 29مارچ کو شیڈول ہے۔

 


متعلقہ خبریں