خواتین کے بارے میں غیر اخلاقی باتیں کرنا ن لیگ کا وطیرہ ہے، شہباز گل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ خواتین کے بارے میں غیر اخلاقی باتیں کرنا ن لیگ کا وطیرہ ہے.

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں گھریلو خواتین کو نہیں لانا چاہیے اور جو خواتین سیاست کرتی ہیں ان کو سیاسی جواب دیا جاتا ہے۔ خواتین کو عزت دینا ہماری اقدار کا حصہ ہے اور گھروں میں بیٹھی خواتین پر جملے بازی نہیں کی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بے نظیر بھٹو کے بارے میں غیر اخلاقی گفتگو کی گئی اور مسلم لیگ ن نے جہاں دیگر برائیاں شروع کیں وہاں یہ بھی شروع کی۔ خاتون اول کے بارے میں نامناسب زبان استعمال کی جاتی ہے جبکہ خاتون اول نہ سیاست کرتی ہیں نہ کوئی بیان بازی۔

شہباز گل نے کہا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنی غیر سیاسی بیگمات کے نام پر گھر خریدے۔ خاتون اول کی دوست فرح بی بی پر حملہ آور ہو رہے ہیں جس کا مقصد عمران خان کو نشانہ بنانا ہے۔ فرح بی بی نے کوئی ٹھیکہ لیا یا ذاتی فائدہ لیا تو بتائیں۔ کسی کی ذاتی زندگی کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے جبکہ شہباز شریف نے بیویوں کو فائدہ پہنچایا تو اس پر بات کی لیکن نام نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہیلی کاپٹر سے شہید محترمہ اور ان کی والدہ کی تصاویر پھینکیں اور اب یہ لوگ بار بار خاتون اول پر تنقید کر رہے ہیں جبکہ خاتون اول نے کبھی کسی کو برا نہیں کہا لیکن شہباز شریف اور مریم صفدر تنقید کر رہے ہیں۔ ہم نے ان کو نہیں روکا اس لیے یہ بار بار حرکتیں کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد:ووٹنگ تین اپریل، عالمی سازش ناکام ہو گی، شیخ رشید

معاون خصوصی نے کہا کہ خواتین کے بارے میں غیراخلاقی باتیں کرنا ن لیگ کا خاندانی وتیرہ ہے جبکہ عمران خان کے کوئی کیمپ آفس نہیں ہیں اور آج تک عمران خان نے کوئی بھی نجی دورہ سرکاری دورے پر نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جتنی دیر عمران خان وزیر اعظم رہے اتنے وقت میں نواز شریف نے 18 فیکٹریاں بنا لیں لیکن کیا عمران خان نے 18 فیکٹریاں لگائیں، یا نجی دورے کیے، یا مقصود چپڑاسی کو پیسے دیئے تو بتائیں ؟ عمران خان تو ہیلی کاپٹر پر پائے نہیں منگواتے جبکہ وزیر اعظم آفس سے پتہ چلا مریم نواز کی ملازمہ کو بھی ہیلی کاپٹر لاہور چھوڑ کر آتا تھا۔

شہباز گل نے کہا کہ اگر آپ کے پاس کوئی سیاسی بات ہے تو وہ کریں لیکن یہ تو سیاست میں ہر جگہ پر ناکام ہوئے ہیں۔ سرخی، پوڈر لگا کر اب یہ لوگ انقلابی ہو گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں