وزیر اعظم نے کابینہ ارکان کو دھمکی آمیز خط دکھا دیا

بات سنیں: ہم نہیں جارہے، دیکھتے جائیں، شہباز شریف اچکن نہیں پہن سکے گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کو دھمکی آمیز خط دکھا دیا اور کہا کہ میری حکومت گرانے کے لیے بھاری رقم بھی دی گئی۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا۔ جس میں وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کو دھمکی آمیز خط دکھا دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ ارکان کو بریفنگ دی اور سازش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سازش کی گئی ہے کہا گیا کہ عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پاکستان کو نقصان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہر مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور میری حکومت گرانے کے لیے بھاری رقم بھی دی گئی ہے۔ خط پر قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہان کو بھی اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے کابینہ کے خصوصی اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی، انہوں نے کہا کہ مصروفیت کے باعث اجلاس میں نہیں آسکتا۔ جبکہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم بھی کابینہ کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

یاد رہے کچھ دیر قبل وزیر اعظم نے کہا تھا کہ دھمکی آمیز خط سینئر صحافیوں کو دکھاؤں گا اور یہ جو سازش ہے اس کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔ خط دکھانے کا مقصد ہی یہ ہو گا کہ یہ اس بیرونی سازش سے بچ جائیں۔

عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ خط اتحادی جماعت کے ایک ایک رکن کو دکھائیں گے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ انجانے میں بیرونی سازش کا حصہ بن جائیں اور خط میں واضح ہے کہ یہ بیرونی سازش ہے۔


متعلقہ خبریں