ون ڈے رینکنگ، بابر اعظم کی حکمرانی برقرار

ون ڈے رینکنگ، بابر اعظم کی حکمرانی برقرار

ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم  کے کپتان بابر اعظم کی حکمرانی برقرار جبکہ امام الحق نے کیریئر بیسٹ ون ڈے رینکنگ حاصل کر لی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے نئی ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کردی گئی۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی پہلی، بھارت کے ویرات کوہلی کی دوسری اور نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔

بھارت کے روہت شرما ایک درجے ترقی پاکر چوتھی  پوزیشن پر آگئےاور جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک  ایک درجے تنزلی سے پانچویں پوزیشن پر چلے گئے۔

انگلینڈ کے جونی بیئر اسٹو 2 درجے ترقی پاکر چھٹی پوزیشن پر آگئے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ اور جنوبی افریقہ کے ریسی وینڈر ڈسن ایک ایک درجے تنزلی کے بعد بالترتیب ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر چلے گئے۔ امام الحق ون ڈے رینکنگ میں دو درجہ ترقی کے بعد دسویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

ون ڈے باولنگ رینکنگ میں پاکستان کا ایک بھی باؤلر ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بابراعظم نے ایک اور ریکارڈ بنا ڈالا

آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کی نویں پوزیشن برقرار ہے جبکہ پاکستان کے امام الحق دو درجے ترقی پا کر کیریئر بیسٹ دسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

دوسری جانب آئی سی سی نے ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ بھی جاری کر دی ہے جس میں مارنس لبوھشن کی پہلی پوزیشن برقرار ہے اور آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ ایک درجہ ترقی کے بعد دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ انگلینڈ کپتان جوئے روٹ دو درجہ تنزلی کے بعد دوسری سے چوتھی پوزیشن پر آ گئے۔

ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کا پانچواں نمبر برقرار ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ باؤلنگ میں ایک درجہ ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے۔


متعلقہ خبریں