معاملہ 172ووٹوں کا نہیں، اس سے آگے جاچکا ہے،وزیرمملکت فرخ حبیب


وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اب معاملہ 172ووٹوں کا نہیں ہے بلکہ اس سے آگے جاچکا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ غیر ملکی طاقت پاکستان میں حکومت تبدیل کرنے کی کوشش میں ہے۔ ہم حساس معاملات پر خاموش نہیں رہ سکتے ،سازش باہر سے بیٹھ کر ہورہی ہے۔کسی کو بھی ملک کے خلاف سازش نہیں کرنے دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے کسی ملک کانام نہیں لیا،تمام ثبوت موجود ہیں۔پاکستان میں اقتدار کی تبدیلی کے لئے دھمکی دی گئی ہے۔کسی کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں پہنچتا۔لوگ دھمکیوں کا مذاق اڑا رہے تھے، وزیراعظم عمران خان قوم کو اعتماد میں لیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ جس ایوان سے منتخب ہوئے ہیں انہیں بھی اعتماد میں لیں گے۔پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی میں معاملہ لے کر جا رہے ہیں۔اپوزیشن والے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی اجلاس سے بھاگنے کی کوشش نہ کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کو اقتدار کی ہوس نہیں۔وزیراعظم عمران خان ڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے،آخری 5 اوورز کا کھیل باقی ہے۔وزیراعظم عمران خان آخری گیند تک مقابلہ کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ خط کا معاملہ سامنے آنے پر اتحادی رابطہ کر رہے ہیں،۔منحرف ارکان بھی وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کر رہے ہیں،انجانے میں بہت سارے لوگ اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔حکومت فارغ نہیں ہوئی ۔جو اس سازش پرخاموش رہے گا وہ قوم کے ساتھ اچھا نہیں کررہا۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں رچائی گئی سازش کو عوام ناکام بنائیں گے،قوم کسی کی غلامی قبول کرنے کے لئے تیار نہیں،حکومت آج بھی قائم ہے فیصلہ پاکستان کے عوام اور اداروں نے کرنا ہے


متعلقہ خبریں