ووٹ کی پرچی پھاڑنے کا حق کسی کو نہیں، نواز شریف


چشتیاں: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دینے کا مطلب عوام کو عزت دینا ہے اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ووٹ کی پرچی پھاڑ دے۔

چشتیاں میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت میں مصروف تھے جس کی وجہ سےملک آگے بڑھ رہا تھا، ہماری حکومت نے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پا  کر اپنا وعدہ پورا کیا اور دس ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا، ہم دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ملک میں امن واپس لائے اور عوام کو سی پیک کا تحفہ دیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو بھی پاکستان کی خدمت کرتا ہے تو اس پر کرپشن یا غداری کا فتویٰ صادر کر دیا جاتا ہے، کیا میں نے کوئی کرپشن کی تھی، بتاؤ مجھے کیوں نکالا۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کو چھوڑ جانے والوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کے چھوڑ جانے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ ن لیگ جسے بھی کھڑا کرے گی، عوام اسے ووٹ دیں گے۔

نواز شریف نے شرکا کو مخاطب  کرتے ہوئے کہا کہ اگر میری نااہلی کا فیصلہ ختم کرنا چاہتے ہو تو ن لیگ کو ووٹ دو، مجھ پر ظلم کرنے والے تھک جائیں گے کیونکہ نواز شریف عوام کا اور عوام نواز شریف کے ہیں۔

نیب میں چلنے والے مقدمات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں آج عدالت میں 70 ویں پیشی بھگت کر آیا ہوں، مجھے یقین ہے کہ ووٹ کو عزت دینے کے نعرے میں چشتیاں کے لوگ سب سے آگے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں