عدلیہ سے امید ہے وہ آئین کا تحفظ کرے گی، بلاول بھٹو زرداری


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عدلیہ سے امید ہے وہ آئین کا تحفظ کرے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آج بغاوت کی ہے اور ہم نے پوری دنیا کو دکھایا کہ ہمارے پاس 190 سے زیادہ ارکان ہیں۔ سپریم کورٹ نے اتوار کو از خود نوٹس لیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئین اور قانون توڑا ہے کیونکہ آئین کے مطابق آج ہی ووٹنگ ہونا تھی لیکن ملک میں آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور عمران خان شکست دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے موجودہ سیاسی صورتحال کا ازخود نوٹس لے لیا

بلاول بھٹو نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے بھاگنے کے بعد ایاز صادق نے اسمبلی کارروائی آگے چلائی ہے۔ کپتان زمین پر لیٹ کر رونا شروع ہوگیا ہے تاہم عدلیہ سے امید ہے کہ وہ آئین کا تحفظ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا ہے کہ سپریم کورٹ کیسے آئین پر عملدرآمد کراتی ہے اور ایاز صادق نے آئین کے مطابق ایوان کی کارروائی چلائی۔ عدم اعتماد میں عمران خان کے خلاف 190 ووٹ پورے کیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عدم اعتماد اس لیے لے کر آئے تھے کہ عمران خان کو ہٹا کر صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں لیکن آئین کی خلاف ورزی قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام اداروں سے امید کرتے ہیں وہ آئین کے مطابق چلیں اور اعلیٰ عدلیہ سے اچھے کی امید رکھنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں