کراچی میں گرمی کی لہر 65 جانیں لے گئی، فیصل ایدھی


کراچی: فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے مطابق پچھلے تین دن کے دوران ایدھی فاؤنڈیشن  کے سرد خانوں میں 65 ایسے افراد کی لاشیں لائی گئی  جن کے لواحقین نے اموات کی وجہ گرمی کو قرار دیا ہے۔

فیصل ایدھی نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی سرد خانے میں پچھلے دو دنوں میں 65 میتیں لائی گئی ہیں جبکہ پیر کے روز ان کی تعداد 70 ہے،  65 افراد کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں گرمی کی وجہ سے ہوئیں۔

فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ ایدھی کے سرد خانوں میں مجموعی طورپر میتوں کی تعداد تین گنا بڑھ گئی ہے، پہلے ایک دن میں سات آٹھ  میتیں آتی تھیں اب 20  آ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں جوان لڑکے، لڑکیاں اورعمررسیدہ افراد شامل ہیں، گرمی کی لہر سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد کا کوئی ڈیٹا بیس موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف انہی میتوں کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے جنہیں ایدھی فاؤنڈیشن کے مراکز میں لایا جاتا ہے۔ فیصل  ایدھی کا کہنا تھا کہ بہت سےافراد جاں بحق ہونے والوں کی براہ راست تدفین کردیتے ہیں۔

کراچی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں پارہ 44 ڈگری کو چھو رہا ہے، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ گرمی کی یہ لہر بدھ 23 مئی تک جاری رہے گی۔

 


متعلقہ خبریں