تحریک انصاف نے نگراں وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی کے نام مسترد کر دیے


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے نگراں وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے تجویز کیے گئے نام مسترد کر دیے ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے پارٹی رہنماؤں مراد سعید اور عاطف خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دیکھتے ہیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نگراں وزیراعظم  کے لیے پیپلزپارٹی کے نام  پراتفاق کرتے ہیں یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ذکا اشرف کا نام مسترد کردیا ہے کیونکہ یہ ہمارے لیے حیران کن ہے، وہ تو پیپلز پارٹی کا حصہ ہیں اور سابق صدر کے مین ڈونر بھی سمجھے جاتے ہیں، جلیل عباس منجھے ہوئے بیوروکریٹ ہیں ان کے نام پر اتنے اعتراضات نہیں لیکن نگراں وزیراعظم کے لیے ہمارے نام  معتبر ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گلف اسٹیل وہ ذرائع ہیں جن سے جائیدادیں بنیں لیکن آج نواز شریف سے پوچھا جا رہا ہے کہ گلف اسٹیل کا سرمایہ کہاں سے آیا تو کہتے ہیں پتا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف سے127 سوالات پوچھے گئے لیکن انہوں نے صرف 58 کے جواب دیئے،  نواز شریف کہتے ہیں کہ ایون فیلڈ پراپرٹیز میری نہیں حسن اور حسین نواز سے پوچھیں، وہ دونوں تو اشتہاری ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا اچھا کام کیا ہے، مسلم لیگ ق سے کوئی انتخابی اتحاد نہیں ہوا اور نہ ہی ہم کسی سے اتحاد کریں گے، پی ٹی آئی اکیلے انتخابات لڑے گی۔

خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم عاطف خان نے کہا کہ صوبے کی ترقی کا موازنہ پرانی اور نئی حکومت کے ساتھ  کرنا ہو گا، ہمیں خیبرپختونخوا دہشت گردی زدہ اور پریشان کن حالات میں ملا تھا، ہم نے صوبے کی ترقی پر توجہ دی اور ہمارے اہم ٹارگٹ تعلیم  اور صحت رہے، ہم  نے پانچ سالوں میں 45  کالجز اور دس یونیورسٹیاں بنائیں جبکہ 57  ہزار نئے اساتذہ بھی بھرتی کیے۔

عاطف خان نے کہا کہ صحت کا بجٹ 80 ارب کا ہے جبکہ ڈاکٹرز اور نرسز کی تعداد اب 48 ہزار ہو چکی ہے، ہم نے 15 ہزاراسپتال تعمیر کیے اور لوگوں کی سہولت کے لیے صحت انصاف کارڈز جاری کیے جس سے 70 فیصد افراد مستفید ہوئے۔

رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں بچے اسکولوں سے محروم ہیں جبکہ سندھ میں اسکولوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔


متعلقہ خبریں