پنجاب اسمبلی کا اجلاس کب ہو گا؟ کنفیوژن برقرار


نئے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا یا نہیں؟  کنفیوژن برقرارہے، ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے آج شام ساڑھے سات بجے اجلاس طلب کر رکھا تھا، لیکن ترجمان پنجاب اسمبلی نے آج ہونے والا اجلاس کی تردید کر دی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ آج طلب کئے جانے والے اجلاس کو کوئی نوٹیفکیشن نہیں ہوا، اجلاس 16 اپریل کو ہی ہو گا۔

جبکہ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کا کہنا تھا کہ وکلاء سے مشاورت کے بعد اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب اسمبلی کا اجلاس شام ساڑھے 7 بجے ہوگا۔

دوست محمد مزاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب بھی آج ہی ہوگا، قائد ایوان کے لیے پرویز الٰہی اور حمزہ شہباز آمنے سامنے ہونگے۔

پنجاب اسمبلی میں وزارت اعلیٰ کا انتخاب آئین کےمطابق ہوگا، ڈپٹی اسپیکر

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک ملتوی کرنے کی منظوری دی تھی، ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایوان میں توڑ پھوڑ کے بعد مرمت کیلئے موخر کیا گیا۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے 6 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہونا تھا۔

مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے ردعمل میں کہا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نےعدالت میں کل اجلاس بلانےکا کہا مگر خبر آئی پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک موخر کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے 40 ممبران معطل کر کے اپنے نمبرپورے کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں توڑپھوڑ کی جلد انکوائری ہو گی۔


متعلقہ خبریں