سبیکا شیخ کا جسد خاکی کل رات پاکستان پہنچے گا


کراچی: امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کا جسد خاکی منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان پہنچے گا۔

سبیکا کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے نماز جنازہ کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا، ہیٹ اسٹروک اور موسم کی  صورتحال دیکھ  کر ہی  فیصلہ کریں گے، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نماز جنازہ حکیم سعید گراؤنڈ میں پڑھنے کو ترجیح دیں گے جبکہ نماز جنازہ کے وقت کا فیصلہ میت کے پہنچنے پر کیا جائے گا۔

17 سالہ سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس اگست میں امریکہ گئی تھیں۔

18 مئی کو ٹیکساس کے شہر سانٹا فے کے  ہائی اسکول میں ایک طالب علم کی  فائرنگ کے نتیجے میں نو طالب علموں اور ایک استاد سمیت دس افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جن میں سبیکا شیخ بھی شامل تھیں۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سبیکا کے گھر جا کر تعزیت کی اور سبیکا کی ناگہانی موت پر گہرے رنج ، دکھ  اور افسوس  کا اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں