وزیر اعظم عمران خان کل رات قوم سے خطاب کریں گے


وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کل رات وزیر اعظم عمران خان قوم سے خطاب کریں گے۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کل کابینہ اور پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کی ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دی گئی ہے۔

عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر 9 اپریل کو ووٹنگ کرانے کا حکم دے دیا،تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس نئے وزیراعظم کے انتخاب تک ملتوی نہیں کیا جائیگا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے متفقہ فیصلہ سنایا  اور 8صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ آئین کے منافی ہے،تحریک عدم اعتماد زیرالتوا رہے گی،صدر ،وزیراعظم اور اسپیکر کے احکامات سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہوں گے۔

صدر اور وزیر اعظم کا جاری کردہ کوئی بھی حکم سپریم کورٹ سے مشروط ہوگا، حکمنامہ

فیصلے میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی توڑنا بھی خلاف قانون تھا،قومی اسمبلی پرانی پوزیشن پر بحال ہوگی جبکہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ بھی بحال رہے گی۔

عدالت نے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنا بھی غیرآئینی قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ 9اپریل کو دن ساڑھے 10 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے،قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان عدم اعتماد پر ووٹ کا سٹ کرسکیں گے، تحریک عدم اعتماد منظور ہو جاتی ہے تو اسمبلی نئے وزیر اعظم کا انتخاب کرے۔

عدالت نے متقفہ فیصلے میں کہا کہ کسی ممبر کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا نہیں جائے گا، تحریک عدم اعتماد ناکام ہو تو حکومت اپنے امور انجام دیتی رہے۔

عدالت عظمیٰ نے نگران حکومت کے قیام کیلئے تمام اقدامات کو بھی کالعدم قرار دے دیا، آرٹیکل 63 کے نفاذپر عدالتی فیصلہ اثر انداز نہیں ہوگا۔


متعلقہ خبریں