کسی کو بلاوجہ جیل نہیں بھجوائیں گے، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، شہباز شریف

حکومت خود کو عوام کے غضب سے بچا سکے گی؟ شہباز شریف

تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم سب تمام قائدین اور اراکین اسمبلی اللہ کے حضور سربسجود ہیں، ایک نئی صبح طلوع ہونے والی ہے، ایک نیا دن آنے والا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کروڑوں عوام کی دعائیں اللہ نے قبول کی ہیں، متحدہ اپوزیشن کے اکابرین کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے اتحاد کا مظاہرہ کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان، خالد مقبول صدیقی سمیت تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج پاکستان دوبارہ آئین اور قانون کا پاکستان بننے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام ساتھیوں نے جیلیں کاٹی ہیں، ماضی کی تلخیوں میں نہیں جانا چاہتے،ہم اس قوم کے دکھوں اور زخموں پر مرہم رکھنا چاہتے ہیں۔ ہم کسی کو بلاوجہ جیل نہیں بھجوائیں گے۔ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

بدلہ نہیں لیتے، عمران خان سے بات چیت کا فیصلہ شہباز شریف کریں گے، آصف زرداری

اس سے پہلے شہباز شریف نے کہا تھا کہ عمران خان کو اپنے جانے کی نہیں بلکہ میرے آنے کی تکلیف ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ خواجہ آصف نے کہا عمران خان کو یہ تکلیف نہیں کہ وہ جا رہے ہیں بلکہ انہیں یہ تکلیف ہے کہ شہباز شریف آ رہا ہے۔

بعد ازاں ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اگر آپ عالمی سازش کی بات کریں گے تو بات بہت دور تک جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پرسوں پاکستان کی تاریخ میں تابناک دن تھا۔ نظریہ ضرورت کا سہارا لیا گیا،عدالت نے اس کو دفن کردیا۔سپریم کورٹ نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے غیر آئینی کام کو کالعدم قرار دیا۔

انہوں نے کہا  کہ آج پارلیمان سلیکٹڈ وزیر اعظم کو شکست فاش دینے جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر اسپیکر یہ کارروائی چلائیں گے۔ آج آپ آئین اور قانون کے تحت سپریم کورٹ کے حکم پر کھڑے رہیں۔ خدارا آج آپ اسپیکر کا کردار ادا کر کے تاریخ میں نام لکھوا لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہمارے سینوں میں بھی پاکستانی دل دھڑکتا ہے۔اگر آپ سازش کی بات کریں گے تو بات بہت دور تک جائے گی۔


متعلقہ خبریں