امریکہ ایران کے بارے میں فیصلہ کرنے والا کون ہوتا ہے، حسن روحانی


تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے مطالبات مسترد کر دیے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کا بین الاقوامی فیصلے کرنے کا وقت گزرچکا ہے، ایرانی عوام نے ایسے بیانات سینکڑوں بار سنے ہیں اور ان پر کوئی توجہ نہیں دیتے، ہم ایرانی قوم کے تعاون سے اپنے راستے پر گامزن رہیں گے۔

ایرانی صدر نے امریکہ کو مخاطب کر کے کہا کہ تم ایران اور دنیا کے بارے میں فیصلہ کرنے والے ہوتے کون ہو؟

قبل ازیں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے ایران پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا اور 12 مطالبات کی فہرست پیش کی تھی جس میں شام سے ایرانی انخلا اور حوثی باغیوں کی امداد ختم کرنے جیسے مطالبات شامل تھے۔

انہوں نے کہا تھا کہ  ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں لگائی جائیں گی جو اس کے لئے تکلیف دہ ثابت ہوں گی۔

امریکی وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا تھا کہ ایران دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والا ملک ہے، ایٹمی معاہدے کے دوران ایران نہ صرف افغان طالبان کی مدد کرتا رہا بلکہ اس نے خطے کے دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں بھی مداخلت جاری رکھی۔


متعلقہ خبریں