نوازشریف لندن فلیٹس ریفرنس کیس میں بیان قلمبند کرائیں گے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف اپنے خاندان کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز (لندن فلیٹس) ریفرنس کیس میں آج اپنا بیان قلمبند کرائیں گے۔ ریفرنس کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کریں گے۔

احتساب عدالت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر پیش ہوں گے۔

احتساب عدالت ملزمان کے بیانات قلمبند کرنے کےلیے سوالنامے کی کاپیاں پہلے ہی ملزمان کے وکلا کو دے چکی ہے۔ عدالتی سوالنامہ 127 سوالات پر مشتمل ہے۔

پیر کے روز سابق وزیراعظم چار گھنٹے روسٹرم پر کھڑے رہے اور 127 میں 55 سوالوں کے جواب دیے ۔ آج وہ اپنا بیان جاری رکھیں گے۔

نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کیس کی سماعت بھی آج ہو گی جس میں وکیل صفائی خواجہ حارث مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیا پر جرح کریں گے۔

پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے تھے۔

لندن فلیٹس ریفرنس میں  سابق وزیر اعظم نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ملزمان ٹھہرایا گیا تھا۔ العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے بیٹوں حسن نواز و حسین نواز نامزد ملزمان ہیں۔

حسن نواز اور حسین نواز کو عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے مفرور قرار دیا جا چکا ہے۔ عدالت نے ان کے مقدمات علیحدہ کر دیے تھے۔


متعلقہ خبریں