کون ہو گا نگراں وزیر اعظم؟ دو بڑوں کی بیٹھک آج پھر ہوگی


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق کرنے کےلیے آج پھر مل بیٹھیں گے۔

آئین کے مطابق نگراں وزیراعظم کا فیصلہ قومی اسمبلی کے قائد ایوان (وزیراعظم) اور قائد حزب اختلاف نے اتفاق رائے سے کرنا ہوتا ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے تحت شاہد خاقان عباسی اور سید خورشید شاہ کی جانب سے جو نام پیش کیے گئے ہیں ان پردونوں کا اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے نگراں وزیراعظم کے لیے جسٹس(ر)ناصرالملک، جسٹس(ر)تصدق حسین جیلانی اور ڈاکٹرعشرت حسین کے نام پیش کیے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق چیئرمین پی سی بی چودھری ذکا اشرف اور سابق پاکستانی سفیر برائے امریکہ جلیل عباس جیلانی کے نام تجویز کیے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے نگراں وزیراعظم کے منصب کے لیے سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین، جسٹس(ر)تصدق حسین جیلانی اور عبدالرزاق داؤد کے نام  پیش کیے ہیں۔ جماعت اسلامی نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام نگراں وزیراعظم کے منصب کے لیے تجویز کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کی جانب سے پیش کردہ ناموں پراعتراض کیا ہے۔ پی ٹی آئی نے مؤقف اپنایا ہے کہ چودھری ذکا اشرف پیپلز پارٹی کا حصہ ہیں۔ جلیل عباس جیلانی پر البتہ پی ٹی آئی کو اتنے زیادہ اعتراضات نہیں ہیں ۔

18 مئی کو بھی وزیراعظم کے چیمبرمیں شاہد خاقان عباسی اور سید خورشید شاہ کے درمیان نگراں وزیراعظم کےناموں پر مشاورت کی گئی تھی۔ اس ملاقات کے بعد قائد حزب اختلاف نے کہا تھا کہ منگل (22 مئی) کو ایک اور ملاقات کے بعد نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔

 

 


متعلقہ خبریں