کراچی میں ہیٹ ویو : ہوا میں نمی چار فیصد رہ گئی

سورج کا رنگ کیسا ہے؟

کراچی: شہر قائد آج بھی ہیٹ ویو (لو) کی لپیٹ میں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب بھی خطرناک حد تک گر نے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق روشنیوں کے شہر میں درجہ حرارت صبح ہی 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ شہر میں دن 12 بجے ہوا میں نمی کا تناسب چار فیصد رہ گیا تھا۔

گزشتہ تین دن سے شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، گرم ہوا نے لوگوں کی زندگی اجیرن کی ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، گھر سے باہر جانے کے دوران سر پر گیلا کپڑا رکھیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

اہلیان کراچی کو محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنائی ہے کہ آئندہ چند روز میں موسم کی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

طبی ماہرین نے عوام الناس کو خبردارکیا ہے کہ وہ گرمی کی شدت کے دوران تمام احتیاطی تدابیر  سے کام لیں تاکہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہ سکیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سبی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لاڑکانہ، سکھر، بدین اورٹھٹھہ میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے آج لاہور میں دوپہر کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوپہر کے وقت شہرمیں ٹھنڈی اور تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گوجرانوالہ و فیصل آباد میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ اور اسلام آباد و راولپنڈی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں بھی گرمی کی لہر اور شدت برقرار ہے۔


متعلقہ خبریں