مبارکباد کا شکریہ، آئیں امن بڑھائیں،لوگوں کی ترقی پر توجہ دیں،شہباز شریف کی مودی کو پیشکش


 وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب  نریندر مودی کا مبارکباد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پیشکش  کی ہے کہ  آئیں امن بڑھائیں اور لوگوں کی ترقی پر توجہ دیں، پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے  وزیر اعظم بننے کے موقع پر مبارکباد  کا جواب دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔جموں و کشمیر سمیت باقی تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں سب جانتے ہیں۔آئیں امن کو محفوظ بنائیں اور اپنے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دیں۔

اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی ٹویٹ میں  شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی ، انہوں نے کہا تھا کہ  بھارت  خطے میں امن اور استحکام دیکھنا چاہتا ہے۔ تاکہ خطے کی ترقی اور اپنے لوگوں کی بہبود پر توجہ دی جا سکے۔

 


متعلقہ خبریں