پاکستان کی عوام گھناؤنی سازش کو قبول نہیں کرے گی، شفقت محمود

کھربوں روپے کھانے والوں کا عوامی سطح پر احتساب نہیں ہو رہا، شفقت محمود

فائل فوٹو


اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام اس گھناونی سازش کو قبول نہیں کرے گی۔

سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان آزاد خود مختار ملک ہے اور ملک سے انقلابی فضا ختم نہیں ہو گی۔ 23 اپریل کو مینار پاکستان پر پی ٹی آئی کا جلسہ ہو گا۔ اس وقت پاکستان کی تاریخ کا انتہائی اہم موڑ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سازش سے چوروں کے ٹولے نے عدم اعتماد کی تحریک چلائی جس میں پیسے کا استعمال کیا گیا اور منتخب حکومت کو گرایا گیا۔ عمران خان نے آزاد خارجہ پالیسی بنائی جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: قوم آزادی اور جمہوریت کی حفاظت کرے، فوری انتخابات کی تحریک چلائے، عمران خان

شفقت محمود نے کہا کہ آزاد اور خود دار وزیر اعظم کو ہٹایا گیا تو ملک میں انقلابی صورتحال پیدا ہو گئی اور ملک کے ہر شہر میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ اپنے آپ ہی باہر نکل آئے۔ عوام کو دکھ، رنج اور تکلیف پہنچی کہ ایک خود دار وزیر اعظم کو ہٹا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فیصلہ کیا کہ ہم ان چوروں کے ساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے۔ 13 جماعتیں جن کا آپس میں کوئی جوڑ نہیں وہ بھی عمران خان کے خلاف اکٹھے ہو گئے۔ پاکستان کی عوام اس گھناونی سازش کو قبول نہیں کرے گی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ والے کیس پر جس پر فرد جرم لگنی تھی اس نے حلف لیا۔ پنجاب اسمبلی میں بیٹھنے سے متعلق فیصلہ وقت آنے پر کریں گے۔ ملکی سالمیت کی ضامن فوج ہے اور ہمارے دل میں ان کے لیے بے پناہ محبت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوئی سازش کر رہا ہے کہ ہمارے درمیان خلیج پیدا ہو سکے اور اگر فری اینڈ فئیر الیکشن کے نتیجے میں ہمیں اپوزیشن میں بیٹھنا پڑا تو بیٹھیں گے۔ ہمارے استعفے ڈپٹی اسپیکر کے پاس ہیں ہم اس پر جلدی فیصلہ چاہتے ہیں اور ہمیں شہباز شریف کے کسی فیصلے پر اعتماد نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں