جے یوآئی پاک افغان شاہراہ اور انڈس ہائی وے بند کرے گی

عمران خان کے پاس مستعفی ہونے کیلئے دو دن ہیں، فضل الرحمان

فائل فوٹو


پشاور:جمعیت علمائے اسلام (ف) نے آج پاک افغان شاہراہ اور انڈس ہائی وے کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جے یو آئی ملک کی اہم شاہراہیں فاٹا اصلاحات بل کے خلاف بطور احتجاج بند رکھے گی۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کارکنان کو ہدایات دی ہیں کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت یقینی بنانے کے لیے دوپہر دو بجے لنڈی کوتل اور درہ آدم خیل میں باہر نکلیں۔

وفاقی کابینہ نے 19مئی کو فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کی منظوری دی تھی۔ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق رواں سال اکتوبرمیں فاٹا کے اندر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، اپریل 2019 میں فاٹا میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات منعقد ہوں گے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چھ مئی کو اعلان کیا تھا کہ اکتوبر 2018 سے پہلے فاٹا میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں گے۔

سات مئی کو وزیراعظم کی زیرصدارت فاٹا اصلاحات پر ہونے والے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے دیرینہ مؤقف سے ہٹنے سے انکار کردیا تھا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے فاٹا اصلاحات بل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ جے یو آئی کا مؤقف ہے کہ یہ انضمام عالمی ایجنڈا ہے اور اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں