محکمہ صحت سندھ نے ہیٹ اسٹروک سے ہلاکتوں کی تردید کردی

محکمہ صحت سندھ نے فیصل ایدھی کا بیان مسترد کردیا| urduhumnews.wpengine.com

کراچی: محکمہ صحت سندھ کے ترجمان نے فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا ہیٹ اسٹروک سے متعلق بیان مسترد کردیا۔

محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر ظفرمہدی نے واضح کیا کہ کراچی میں لو چلنے سے اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتیں نہیں ہوئی ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے فیصل ایدھی کا بیان مسترد کرتے ہوئے ان سے ایدھی خانے میں لائی جانے والی میتوں اور لواحقین کے بیانات کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

گزشتہ روز فیصل ایدھی نے بیان دیا تھا کہ کورنگی سرد خانے میں پچھلے دو دنوں میں 65 میتیں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لواحقین نے ہیٹ ویو (لو) کو ہلاکتوں کی وجہ قرار دیا تھا۔

فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں جوان لڑکے، لڑکیاں اورعمررسیدہ افراد شامل ہیں۔ ایدھی کے سرد خانوں میں مجموعی طورپر میتوں کی تعداد تین گنا بڑھ گئی ہے تاہم گرمی کی لہر سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد کا کوئی ڈیٹا بیس موجود نہیں۔

گزشتہ ایک ہفتے سے کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں پارہ 44 ڈگری کو چھو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ گرمی کی یہ لہر بدھ 23 مئی تک جاری رہے گی۔


متعلقہ خبریں