کراچی، آپ کی طرف دیکھ رہا ہے، خالد مقبول: امیدیں مل کر پوری کریں گے، شہبازشریف

کراچی، آپ کی طرف دیکھ رہا ہے، خالد مقبول: امیدیں مل کر پوری کریں گے، شہبازشریف

کراچی: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر عمل کیا جائے گا، ہم چاہتے ہیں ایم کیو ایم سندھ میں پیپلز پارٹی اور وفاق میں ہمارے ساتھ کام کرے۔

وزیراعظم کی کراچی کیلئے 3گزارشات: ہزاروں ایئرکنڈیشن بسیں منگوائیں، وزیراعلیٰ کو طریقہ بھی بتادیا

ہم نیوز کے مطابق انہوں ںے یہ بات ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کے دورے کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف جب بحیثیت وزیراعظم پہلی مرتبہ ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پہنچے تو ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ، سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور ن لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب بھی تھیں۔

ایم کیو ایم مرکز پہنچنے پر وزیراعظم کا ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان اور سابق وفاقی وزیر سید امین الحق سمیت اراکین رابطہ کمیٹی نے استقبال کیا۔

معزز مہمانان کو آمد پر گلدستے پیش کیے گئے۔ میاں شہباز شریف نے اس موقع پر معذور افراد سے بھی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

ہم نیوز نے ایم کیو ایم پاکستان کے ذرائع سے بتایا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ہمارا اور جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کے لئے بڑا امتحان تھا۔

مایوس کیا، معذرت چاہتا ہوں، اب توقعات پر پورا اتروں گا، شہباز شریف کی قائد اعظم سے دل کی باتیں

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے اور انشا اللہ ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

ملاقات کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ میاں صاحب! امتحان بہت سخت ہے، کراچی اب آپ کی طرف دیکھ رہا ہے، آپ سے بہت امیدیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری سندھ کے لیے ایم کیوایم ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ میاں صاحب! اندازہ ہے، حالات مشکل ہیں مگر مشکلات سے نمٹنا ہی سیاست دان کا کام ہے۔

نو منتخب وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اس پر مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ بالکل! ن لیگ اور ایم کیو ایم سے زیادہ مشکلات سے نکلنے کا ہنر کون جانتا ہے؟ امیدیں، انشا اللہ مل کر پوری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی ہمارے ساتھ ہے کراچی کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے، سائٹ کی سڑکیں وفاقی فنڈز سے بنانے کا اعلان کرچکا ہوں، پیپلز پارٹی بھی ایم کیو ایم کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

ہم نیوز کے مطابق ملاقات میں موجود وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کے لیے مل کر کام کریں گے، ایم کیو ایم کو ساتھ لے کر چلنے کی بلاول بھٹو کی سب سے بڑی خواہش ہے۔

صوبہ سندھ: بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا الیکشن شیڈول جاری

وزیراعطم میاں شہباز شریف، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور عامر خان سمیت دیگر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کراچی کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دیگر متعلقہ امور پر بات چیت کی گئی۔


متعلقہ خبریں