پوری قوم سامراج، غدار گٹھ جوڑ کیخلاف کھڑی ہوچکی ہے، عمران خان

عمران خان نے ہر بریفنگ کا بائیکاٹ کیوں کیا ؟

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پوری قوم سامراج اور غدار گٹھ جوڑ کے خلاف کھڑی ہوچکی ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے سینئر اراکین پارلیمان نے ملاقات کی۔ جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین پشاور میں تاریخی اور کامیاب ترین جلسے کے انعقاد پر عمران خان کو مبارکباد دی۔

اراکین نے انتخابات کو التوا کا شکار کر کے ملک و قوم کو بحران کی طرف دھکیلنے کی حکومتی کوشش پر اظہار تشویش کیا گیا جبکہ ملک میں جاری بحران کے مؤثر حل اور سیاسی استحکام کے لیے بلاتعطل انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ بھی کیا۔

اراکین پارلیمان نے کہا کہ سامراج کے اشاروں پر پاکستان کی سیاست و جمہوریت پر شب خون مارا گیا اور تیسری دنیا میں جمہوریت کی بقا و ترقی کی راہ میں رکاوٹ سامراجی ذہنیت ہے۔ ملکی داخلی امور میں خفیہ و اعلانیہ مداخلت کے رجحانات عالمی عدمِ استحکام کی وجہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی جماعت ن لیگ کے ساتھ کابینہ میں بیٹھنے کو تیار نہیں، فواد چودھری

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ امریکی ایما پر مقامی کٹھ پتلیوں کے ذریعے حکومت کی تبدیلی کو جمہور پاکستان نے توہین تصور کیا اور عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے تسلط جمانے کی کوشش پر عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران پارلیمان کی توہین اور جمہوریت کی ساکھ خاک میں ملانے کا وسیلہ بن رہے ہیں جبکہ پوری قوم سامراج، غدار گٹھ جوڑ کے خلاف کھڑی ہوچکی ہے۔ انتخابات کے ذریعے عوام کو اپنے وزیر اعظم کے انتخاب کا موقع دیئے بغیر پیشقدمی ممکن نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ صاف و شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے کا موقع ملنا چاہیے۔ اراکین پارلیمان انتخابات کی تیاری کریں ہم انتخابات کو سرد خانے کی نذر نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 16 اپریل کو مزار قائد پر کراچی کے عوام کے ساتھ مل کر نئے انتخابات کا مطالبہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں