امریکہ : میٹرو اسٹیشن پر فائرنگ، مشتبہ شخص پر دہشت گردی کا مقدمہ دائر


امریکہ کے نیویارک میٹرو اسٹیشن پر حملے کے شبے میں فرینک جیمز کو گرفتار کرکے دہشت گردی کا مقدمہ دائر کر دیا۔

باسٹھ سالہ جیمز پر الزام ہے کہ انہوں نے میٹرو اسٹیشن پر فائرنگ کرکے 29 افراد کو زخمی کیا تھا۔ جیمز نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شئیر کی تھی جس میں امریکہ میں سیاہ فام افراد کی حالت زار پر گفتگو کی تھی اور کہا تھا کہ سخت ایکشن کی ضرورت ہے۔

مشتبہ حملہ آور پر آج بروکلین کی عدالت میں مقدمہ سنا جائے گا، الزام ثابت ہونے پر جیمز کو عمر قید کی سزا ہونے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز امریکی شہر بروکلین کے سب وے اسٹیشن پر فائرنگ سے 29 افراد زخمی ہو گئے تھے جب کہ اس مقام سے کئی دھماکہ خیز آلات بھی برآمد ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ میں سیلاب سےہلاکتوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور نارنجی رنگ کے لباس میں منہ پر گیس ماسک لگائے اسٹیشن میں داخل ہوا، حملہ آور نے فائرنگ سے پہلے ایک ڈبہ بھی اسٹیشن پر پھینکا، جس سے دھواں اٹھنے کی وجہ سے  بھگدڑ مچ گئی۔

افراتفری مچنے کے بعد حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے 29 افراد زخمی ہو گئے۔ نیویارک پولیس نے فائرنگ کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا تھا۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد مشتبہ حملہ آور کی شناخت اور تصویر جاری کی تھی، جس کی شناخت کے لیے 50 ہزار ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں