2018 کے انتخابات میں 20 ارب روپے کا خرچہ


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 پر 20 ارب روپے سے زائد اخراجات کا تخمینہ لگایا ہے۔ بیلیٹ پیپرز کے لیے کاغذ کی خریداری اور چھپائی پرڈھائی ارب روپے سے زائد رقم خرچ ہوگی۔

’ہم نیوز‘ کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ خصوصی فیچر والے بیلیٹ پیپرز کی خریداری پر ایک ارب روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔ اسی طرح  بیلیٹ پیپرز کی چھپائی پربھی ایک ارب روپے سے زائد اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عام انتخابات میں سیکیورٹی کے لیے ایک ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق انتخابی عملے کو الیکشن ڈیوٹی کی مد میں ادائیگی کے لیے جو رقم مختص کی گئی ہے وہ چھ سے سات ارب روپے ہے۔

الیکشن کے لیے پولنگ میٹریل اورٹرانسپورٹیشن کی مد میں دو ارب سے زائد اخراجات آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ وزارت خزانہ انتخابی اخراجات کے لیے بروقت فنڈز فراہم کر رہا ہے۔

آئین و قانون کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صدر پاکستان کو سمری بھیجی جائے گی۔ سمری کی منظوری کے بعد انتخابی شیڈول جاری ہو گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین کے تحت اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے 60 روز میں انتخاب کرانے کا پابند ہے۔


متعلقہ خبریں