نئی حکومت کے پہلے ہفتے مہنگائی کم ہو گئی


کراچی: ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق نئی حکومت کے پہلے ہفتے مہنگائی کم ہو گئی۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق مہنگائی کی شرح میں 0.68 فیصد کمی ہوئی ہے اور مہنگائی کی مجموعی شرح 16.44 فیصد پر آگئی۔

حالیہ ہفتے 17 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ایک ہفتے میں 10 اشیا سستی جبکہ 24 میں استحکام رہا۔ ایک ہفتے میں انڈے 2 روپے 78 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے اور مٹن 12 روپے 66 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق بیف کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 9 پیسے اضافہ ہوا جبکہ زندہ مرغی ایک روپے 67 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، دودھ، دہی، دالیں اور چاول بھی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

ایک ہفتے میں ٹماٹر 52 روپے 59 پیسے فی کلو سستا ہوا اور لہسن کی فی کلو قیمت میں بھی 12 روپے کی کمی ہوئی۔ پیاز کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 27 پیسے اور آلو ایک روپے 38 پیسے فی کلو سستا ہوا۔

چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 22 پیسے کی کمی ہوئی جبکہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 روپے 84 پیسے سستا ہوا۔ کیلے اور ایل پی جی کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں