کراچی: معروف سماجی کارکن بلقیس ایدھی کا انتقال ہو گیا

کراچی: معروف سماجی کارکن بلقیس ایدھی کا انتقال ہو گیا

کراچی: معروف سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کی بیوہ اور ممتاز سماجی کارکن بلقیس ایدھی کا انتقال ہو گیا ہے۔ مرحومہ کی عمر 74 سال تھی۔

بلقیس ایدھی بیمار، ہر کوئی صحت کےلیے دعاگو

ہم نیوز نے سعد ایدھی کے حوالے سے بتایا ہے کہ نجی اسپتال میں زیر علاج بلقیس ایدھی کا انتقال ہو گیا ہے۔ وہ گزشتہ چند روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

عارضہ قلب میں مبتلا بلقیس ایدھی کی دوران علاج طبیعت خراب ہوئی تو انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں اور داعی اجل کو لبیک کہہ گئیں۔

مرحومہ بلقیس ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی کے مطابق نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر میمن مسجد میں ادا کی جائے گی۔

سپر ہیرو ’ایدھی بابا‘ کی تیسری برسی

پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کو بنانے میں بلقیس ایدھی نے اپنے مرحوم خاوند عبدالستار ایدھی کا بھرپور ساتھ دیا۔

مرحومہ نے صرف 16 سال کی عمر میں عبدالستار ایدھی کے نرسنگ اسکول سے نرسنگ کی تربیت حاصل کی۔انہوں نے اسی ادارے میں دو برس تک خدمات انجام دیں اور اس کے بعد عبدالستار ایدھی سے شادی ہوئی جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

بلوچستان: عبدالستار ایدھی کا قد آدم مجسمہ نصب

حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ہلال امتیاز سے نوازا گیا جب کہ بھارت کی جانب سے 2015 میں مدر ٹریسا ایوارڈ دیا گیا.

عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن بلقیس ایدھی کے انتقال پر وزیراعظم میاں شہباز شریف نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مرحوم عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھا۔ انہوں نے روح کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلقیس ایدھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلقیس ایدھی کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔

بحرین نے کیا ایدھی کی خدمات کا اعتراف: سب سے بڑا شیخ عیسیٰ ایوارڈ دے دیا

انہوں نے کہا کہ بلقیس ایدھی نے انسانیت کی خدمت کیلئے عبدالستار ایدھی کا بھرپور ساتھ دیا، پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت ایدھی خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔


متعلقہ خبریں