یہ فارن فنڈنگ کیس سے پی ٹی آئی کو میچ سے باہر کرنا چاہتے ہیں، عمران خان



سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ چاہتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیس کے ذریعے پی ٹی آئی کو میچ سے ہی باہر کردیں ، میں کہتا ہوں پیپلزپارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی سب کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیا جائے۔  ہمیں دیوار سے لگایا تو ملک کو نہیں ان کو نقصان ہو گا۔

کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے کہتا ہوں کہ سارے پاکستانی مل کرکہیں کہ ہمیں انتخابات چاہئیں، اگر لوگوں کو میر جعفر پسند ہوا تو یہ جیت جائیگا، میر جعفر نے ہر قسم کی انتقامی کارروائی کرنی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مضبوط اداروں سے ہی مضبوط قوم بنتی ہے،  ہم نے پرامن رہنا ہے، یہ ہماری ہی پولیس ہے، ہماری ہی فوج ہے ، ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیے ہیں، ہماری تحریک پرامن رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ خبردار کرتا ہوں ،ایسا کچھ نہ کریں کہ تحریک تبدیل ہو، سب سے کہتا ہوں الیکشن میں ان ضمیر فروش لوگوں کو سبق سکھانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری جان سے زیادہ آپ کی آزادی ضروری ہے، میں دوستی سب سے چاہتا ہوں لیکن غلامی کسی نہیں چاہتا۔ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہوں، نہ یورپین اور نہ ہی کسی دوسرے ملک کے خلاف ہوں،صرف انسانیت کے ساتھ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دوستی سب سے چاہتاہوں غلامی کسی کی بھی قبول نہیں کروں گا،میر جعفر کو ہمارے اوپرمسلط کیا گیا ہے، میرجعفر کی غداری کے پاس بنگال انگریزوں کے پاس چلا گیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ڈیزل کی قیمتیں نیچے کی تھیں اب یہ ڈیزل کی قیمتیں بڑھانےوالے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 3 سے 4 ماہ پہلے پتہ چلا امریکی سفارتخانے میں اپوزیشن کی ملاقاتیں ہوئیں ، ہمارے جو لوگ لوٹے ہوئے ان سے بھی ملاقاتیں کی گئیں، بہت سے صحافیوں کی امریکی سفارتخانے میں ملاقاتیں شروع ہوگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی آفیشل ڈونلڈ لو نے ہمارے سفیر سے ملاقات کی، اس نے کہا اگر عمران خان کیخلاف عدم اعتما د کامیاب نہ ہوا تو پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہوگا، کہا گیا عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو پاکستان کو معاف کردیا جائیگا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ 22 کروڑ لوگوں کو دھمکیاں دی گئیں، اچانک 22 لوگوں کا ضمیر جاگ گیا ، اتحادیوں کا بھی ضمیر جاگ گیا، ڈپٹی اسپیکر کو جب مراسلے کا پتہ چلا تو اس نے رولنگ دی، پھر سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا، میں نے کون سا جرم کیاتھا جو رات کے 12بجے عدالتیں کھول دی گئیں۔

عمران خان حکم کریں آدھے گھنٹے میں کراچی کو بند کر دیں گے، عمران اسماعیل

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے آج تک کوئی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی،  میں واحد سیاست دان ہوں جسے سپریم کورٹ نے صادق اور امین کہا ، عدم اعتماد کی تحریک جو کامیاب ہوئی اس کا پہلے پتہ چل گیا تھا، رات کے 12 بجے جو عدالتیں کھولی گئیں وہ ساری زندگی میرے دل میں بات رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سوال کرتا ہوں کیا سپریم کورٹ کو اس مراسلے پر تحقیقات نہیں کرنی چاہیے تھی؟ ان کو پتہ تھا کہ میر جعفر اچکن سلوا کر بیٹھا تھا، چیری بلاسم جوتے پالش کرنے کا ایکسپرٹ ہے، میر جعفر کو آتے ہی حکومت ملا کہ ڈو مور، جب آپ چیری بلاسم سے بوٹ پالش کرتے ہیں تو وہ آپ کی عزت نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے صدر ٹرمپ سے کہا تھا کہ آپ کی جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی، میں امریکیوں اور یورپیوں کو سب سیاستدانوں سے بہتر جانتا ہوں، جب سیاستدان بک رہے تھے کیا اس وقت عدلیہ کو سوموٹو ایکشن نہیں لینا چاہیے تھا۔

مزید کہا کہ امریکہ کی ایک دھمکی کی وجہ سے ہمارے ملک کو تباہ کردیا گیا، انٹرویو میں پوچھا گیا کیا آپ انہیں اڈے دینگے تو میں نے کہا ایبسلوٹلی ناٹ، میں کبھی اپنے لوگوں کو کسی اور ملک کیلئے قربان نہیں کرسکتا۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری 4 حکومتیں تھیں کیا میں پیسہ چوری کرکے لوگ نہیں خرید سکتا تھا؟مجھے خوف خدا ہے میں نے اللہ کو جواب دینا ہے، میں اپنے اللہ اور عوام کو کیا جواب دوں گا کہ حکومت بچانے کیلئے رشوت دی۔

نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ کبھی اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرنا، اگر یہ سازش کامیاب ہوگئی تو ہمارے وزرائے اعظم گھٹنے ٹیک دیں گے، اس لیے ضروری ہے کہ ہم میر جعفر کی حکومت کو کامیاب نہ ہونے دیں۔

مشرف نے نوازشریف اور آصف زرداری کو این آر او دیا، مجھ پر پہلے دن سے دباو ڈالا جارہا تھا کہ این آر او دو ورانہ حکومت گرادیں گے، اللہ تعالیٰ سے وعدہ کیا تھا کہ کبھی اپنی قوم سے غداری نہیں کروں گا۔


متعلقہ خبریں