محمد رضوان نے وزڈن لیڈنگ کا ایوارڈ حاصل کر لیا


لاہور: پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو سال 2021  کا وزڈن لیڈنگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹر قرار دے دیا گیا۔

قومی کرکٹر محمد رضوان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کے بعد وزڈن لیڈنگ ٹی ٹوئنٹی کرکٹر 2021 کا ایوارڈ حاصل کر لیا۔

محمد رضوان نے گزشتہ برس 29 میچوں میں 73 اعشاریہ 6 کی ایوریج سے ایک ہزار 326 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے کہ محمد رضوان نے ٹاپ آرڈر پر پاکستان کے لیے بااثر کردار ادا کیا۔ ان کی شاندار پرفارمنس نے پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچایا۔

محمد رضوان نے 2021 کے ٹورنامنٹ میں سنسنی خیز کھیل پیش کیا۔ انہوں نے بھارت کے خلاف ناقابل شکست 79 رنز سمیت متعدد میچ جیتنے والی اننگز کھیلی تھیں۔

وکٹ کیپر و بیٹر کی کامیابی صرف بین الاقوامی میدان تک محدود نہیں رہی، وہ ڈومیسٹک کرکٹ کے ساتھ ساتھ 2021 پاکستان سپر لیگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کے جو روٹ وزڈن کے لیڈنگ کرکٹر آف دی ایئر کا ایواڈ حاصل کیا جبکہ جنوبی افریقا کی لیزل لی نے لیڈنگ ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا۔

جسپریت بمرا، ڈیون کانواے، اولی رابن سن، روہت شرما اور دین وین نکرک 5 بہترین وزڈن آف دی ایئر کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں