عمران خان نے 2 کروڑ لوگوں کوغربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے 2 کروڑ لوگوں کوغربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد کے ذریعے حکومت گرائی گئی جو آئینی اور قانون طریقہ ہے۔ گزشتہ حکومت نے الزامات کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ ساڑھے 3 سال گزشتہ حکومت نے کیا کیا ؟

انہوں نے الزام عائد کیا کہ 73 لاکھ ڈالر کی منی لانڈرنگ کی گئی، کشمیر کا سودا کیا گیا اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا غلام بنایا گیا۔ عمران خان کہتے ہیں غلطی کو ٹھیک کریں، کس غلطی کی بات کرتے ہیں ؟

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف، گورنر فیصلہ کریں ورنہ عدالت حکم دے گی، عدالت

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے آئین پر حملہ کیا اور کہتے ہیں بیرون ملک سازش ہوئی۔ کرپشن کے الزامات لگائے گئے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی جبکہ عمران خان نے 2 کروڑ لوگوں کوغربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وزارت عظمیٰ کی کرسی تھی یا کوئی کاروباری کرسی۔ عمران خان نے گزشتہ رات توشہ خانہ پر لیکچر دیا اور گزشتہ 4 سال میں عمران خان کی تقاریر تبدیل نہیں ہوئیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے چینی ایکسپورٹ کر کے قلت پیدا کی اور ریاست مدینہ کے دعویداروں نے لوگوں کو قطاروں میں کھڑا کیا۔ توشہ خانہ بیت المال ہے جس پر ڈاکہ ڈالا گیا جبکہ عمران خان نے آئین پر حملہ کیا اور اسے پامال کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سائیکل پر دفتر جانا تھا اور گورنر ہاؤس میں یونیورسٹی بنانی تھی۔ عمران خان نے 50 لاکھ گھر دینے تھے لیکن عمران خان کی معاشی دہشتگردی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب ڈسکہ کی طرح بیلٹ باکس دھند میں گم نہیں ہوں گے اور عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ عمران خان نے آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا نہیں کیا۔ عمران خان اپنی غلطیوں اور جھوٹ پر عوام سے معافی مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف عمران خان کی منظم مہم کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں