مودی کا دورہ، مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کا اعلان

مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے موقع پر مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں 24 اپریل بروز اتوار کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے خلاف مکمل ہڑتال ہو گی۔ جس کا مقصد کشمیریوں کی جانب سے غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے دی گئی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا مقصد بھارتی وزیر اعظم کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے اور وہ اپنی جدوجہد آزادی کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے 2 کروڑ لوگوں کوغربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا، مریم اورنگزیب

نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر کے اہم دارالحکومتوں میں مقیم تارکین وطن کشمیری مقبوضہ جموں کشمیر میں گھناﺅنے بھارتی جرائم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ، میجر شہید، سپاہی زخمی

قابض بھارتی انتظامیہ نے مودی کے دورے سے قبل مقبوضہ وادی کشمیر اور جموں خطے میں پابندیوں اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ مقبوضہ علاقے کے اطراف نام نہاد سیکیورٹی کے نام پر بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 24 اپریل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں