انصاف کی بنیاد پرمسنگ پرسن کا معاملہ حل کریں گے، شہباز شریف


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انصاف کی بنیاد پرمسنگ پرسن کا معاملہ حل کریں گے۔

بلوچستان دورے کے دوران ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اخترمینگل بھی باربارمسنگ پرسن کا معاملہ اٹھاتے ہیں،یقین دلاتاہوں جو بااختیار ہیں ان کے سامنے میرٹ پر معاملہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگرمسائل حل نہیں کریں گے تومحرومی، مایوسی رہے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے سرداروں نے پاکستان بنانے میں قائداعظم کا بھرپورساتھ دیا،آج میرے لیے انتہائی اہم دن ہے، یہاں قائد اعظم نے عمائدین بلوچستان سے خطاب کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے بلوچستان سب سے بڑا صوبہ ہے مگر دیگرصوبوں سے پیچھے رہ گیا ہے، بلوچستان کے عوام کو قدرتی گیس کا جو حصہ ملنا تھا وہ نہیں مل سکا، اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں بنیادی سہولیات نہیں ہیں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے مزید 5 لاکھ  خاندانوں کو بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی پروگرام میں بلوچستان کے 5 لاکھ خاندانوں کو شامل کررہے ہیں،اس پر تقریباً 10ارب روپے کا خرچہ آئے گا۔

اس سے پہلے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ کے ایک روزہ دورے کے دوران کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور بلوچستان کی باصلاحیت افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور آف دی گرڈ منصوبوں سے بلوچستان میں بجلی کی قلت کا مسئلہ حل کیا جائے گا اور جب تک بلوچستان ترقی میں باقی صوبوں تک نہیں پہنچ جاتا، چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کابینہ کا تعاون درکار ہے اور منصوبوں پر عمل تعاون سے یقینی ہو سکے گا۔ معدنی وسائل پر سب سے پہلا حق بلوچستان کی عوام کا ہے جبکہ بلوچستان کے طلبہ و طالبات کے لیے وظائف کا سلسلہ دوبارہ شروع کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کے پسماندہ علاقوں اور مجموعی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی وزیراعلیٰ قدوس بزنجو نے وزیراعظم کا استقبال کیا

وزیراعظم شہباز شریف کو کوئٹہ جاتے ہوئے  دوران پروازبلوچستان کی ترقی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم آفس کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ سے تصویر جاری کر دی گئی۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت بلوچستان کی انتظامی صورتحال پر جائزے کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ بلوچستان میں اس وقت آبادی کا ایک بڑا حصہ خط غربت سے نیچے ہے اور بلوچستان میں روزگار کے مواقعے کم ہونا غربت کی وجہ ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی میں ترجیح دی جا رہی ہے۔

اجلاس میں شرکا کی طرف سے تجاویز بھی پیش کی گئیں اور اجلاس میں بلوچستان کے لیے ایک جامع پیکج کے اعلان کی تجویز دی گئی۔ کوسٹل ہائی وے کے اطراف سیاحت کا فروغ بھی تجویز میں شامل رہا۔

مقامی افرادی قوت کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں کا قیام بھی تجاویز میں شامل تھا۔

وزیرِ اعظم کوئٹہ میں خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور سیکشن ٹو کا سنگِ بنیاد رکھا۔ کراچی کوئٹہ چمن شاہراہ کے حصے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کی تعمیرِ نو اور اسے دو رویہ کرنے سے بلوچستان کے اہم شہروں کے مابین آمدورفت میں آسانی ہو گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں عوامی نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چیئرمین بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔


متعلقہ خبریں