مراسلہ چھپایا نہ سفیر پر کوئی دباؤ ہے، سلامتی کمیٹی نے واضح کر دیا سازش نہیں ہوئی، ترجمان دفتر خارجہ

foreign Office

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ سفیر اسد مجید پر سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا، ان کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

اپنی پریس بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ مراسلہ سے متعلق نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اجلاس کے بعد بہت کنفیوژن ہے، اس کے لیے ہمیں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں ہونے والی بحث کو دیکھنا ہوگا جس کے دونوں اجلاسوں میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے سب کچھ واضح کیا ہے، سیکیورٹی ایجنسیز نے بتایا کہ کوئی غیر ملکی سازش نہیں ہے، دونوں اجلاسوں میں جو کچھ کہا گیا وہ بہت کافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی اجلاس میں سفیر اسد مجید پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا اور نہ کسی سفیر پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا۔سفیر اسد مجید سے انکوائری کا کوئی سوال ہی نہیں تھا،  اسد مجید نے واشنگٹن میں اپنی مدت سفارت مکمل کی اور وہ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ مراسلے کو کسی سے بھی چھپانے کی بات غلط ہے، مراسلہ ملنے کے ساتھ ہی متعلقہ حکام کو بھجوا دیا گیا، پاکستان اپنے مفادات کا تحفظ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے سازش کے بیانیہ کی نفی کی ہے، اب ہمیں پاکستان کے وسیع تر مفاد میں آگے بڑھنا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ترکی، چین سعودی عرب سمیت دوست ممالک نے نئے وزیر اعظم کو مبارکباد دی ہے جس پر انہوں نے مذکورہ ممالک کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر کی بریفنگ، مراسلے کی تحقیقات: بیرونی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا، قومی سلامتی کمیٹی

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم رواں ہفتے کے آخر میں وفد کے ہمراہ سعودی عرب جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس وومن الہان عمر نے پاکستان کا دورہ کیا،وہ کشمیر اور لاہور بھی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ سویڈن میں قرآن کی توہین اور اس کے نتیجہ میں شدید احتجاج دیکھا گیا، پاکستان نے مختلف ممالک پر اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کرتار پور کے حوالے سے بھارتی پراپیگنڈے کو مسترد کرتا ہے، اقلیتوں کے مقدس مقامات کی مکمل حفاظت اور دیکھ بھال پر پاکستان کو فخر ہے، دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن نے 2200 سکھ یاتریوں کو بیساکھی کیلئے ویزے جاری کئے۔


متعلقہ خبریں