کراچی یونیورسٹی کے اندر وین میں دھماکہ، تین غیر ملکیوں سمیت 4 افراد ہلاک

جامعہ کراچی میں خود کش دھماکہ: 3 سے 4 کلو بارودی مواد استعمال ہوا، رپورٹ

کراچی یونیورسٹی کے اندر وین میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، جس سے تین غیر ملکیوں سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ 2زخمی ہو گئے ہیں۔

ڈی آئی جی شرقی کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی کی وین میں دھماکہ ایک بجکر 52منٹ پر ہوا گاڑی ہاسٹل سے انسٹی ٹیوٹ کی جانب  جا رہی تھی، ہلاک افراد کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔ لاشوں کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وین کے قریب کھڑی موٹر سائیکل بھی متاثر ہوئی ہے اور ابھی تحقیقات کی جارہی ہے، بم ڈسپوزل اسکورڈ کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وین میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا، وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی سی شرقی، ایس پی شرقی کوفوری آگ کی جگہ پہنچنےکی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی سےتفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جامعہ کراچی وین دھماکے کی تحقیقات کی جارہی ہے،  دھماکے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد سامنے آجائے گی، وزیراعظم نے بھی جامعہ کراچی وین دھماکے کی رپورٹ طلب کی ہے۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو فون کیا ہے جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو واقعے کی تفصیلات بتائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وین دھماکے میں ہلاک ہونے والو ں میں چینی باشندے بھی شامل تھے، وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ کو بھرپور مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


یہ فوری خبر ہے۔ مزید تفصیلات اور معاملے کے درست حقائق جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔
متعلقہ خبریں