سیکیورٹی مزید بہتر کرنا ہوگی، وزیراعلیٰ: مل کر ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے، وزیر داخلہ

سیکیورٹی مزید بہتر کرنا ہوگی، وزیراعلیٰ: مل کر ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے، وزیر داخلہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی سیکیورٹی مزید بہتر کرنا ہوگی جب کہ وفاقی  وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہمیں مل کر ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے۔

جامعہ کراچی خودکش دھماکہ: سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج

ہم نیوز کے مطابق یہ بات وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کہی گئی جو وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، چینی قونصل جنرل لی بیجیان، وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت، آئی جی سندھ مشتاق مہر ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار حسین چودھری، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر سعید منگنیجو، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی سی ڈی عمران یعقوب، جاوید عالم اوڈھو اوربریگیڈیئر عمران صفدر سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں صوبائی حکومت نے بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ واقعہ 26 اپریل کو 2 بجے کے قریب پیش آیا، یہ خودکش دھماکہ تھا، واقعے میں تین کلو بال بیئرنگ ایکسپلوزو استعمال ہوا، دھماکے میں چار افراد جاں بحق ہوئے جس میں 3 چینی اور ایک پاکستانی باشندہ شامل ہے جب کہ مزید ایک چینی اور تین پاکستانی زخمی ہیں جو زیر علاج ہیں۔

جامعہ کراچی میں خود کش دھماکہ: 3 سے 4 کلو بارودی مواد استعمال ہوا، رپورٹ

وفاقی وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ واقعے کے تھوڑی دیر بعد بی ایل اے نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس کی ذمہ داری بھی قبول کی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ یہ بدقسمت واقعہ تھا جس میں دوست ملک کے ماہرین تعلیم کو ٹارگٹ کیا گیا، ہمیں اپنی سکیورٹی مزید بہتر کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے فوری بعد وزیراعظم اور آپ نے مجھ سے رابطہ کیا تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ہر طرح کی سندھ حکومت کی مدد کرنے کیلئے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ ہمیں مل کر اس ملک کو اس قسم کی دہشت گردی سے پاک کرنا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، وفاق دہشت گردی کی روک تھام کیلئے صوبوں کی ہرممکن مدد کرے گا۔

جامعہ کراچی میں ہونیوالا دھماکہ خود کش تھا، خاتون نے کیا: راجہ عمر خطاب

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاک چین دوستی کو ٹارگٹ کیا گیا ہے لیکن ہم کراچی کو پرامن شہر بنائیں گے۔


متعلقہ خبریں