2017 کے بعد ترک صدر کا پہلا سعودی عرب کا دورہ


ترک صدر رجب طیب اردگان سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر 2017 کے بعد پہلی بار سعودی عرب کے 2 روزہ دورے پر پہنچ گئے ہیں۔

ترک صدر سعودی حکام سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات بحالی پر تبادلہ خیال کریں گے، ترک صدر دورہ سعودی عرب کے دوران ترکی کے ساتھ تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کریں گے۔ دوطرفہ تعلقات کے علاوہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

ترک صدر رجب طیب اردگان  نے سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ میرا دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کی ہماری مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم سیاست، دفاع، معیشت اور ثقافت سمیت ہر لحاظ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافے کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کی کوششیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ سعودی عرب: وزیراعظم مدینہ منورہ پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال، توانائی، تحفظ خوراک ، زرعی ٹیکنالوجیز، دفاعی صنعت اور مالیات جیسے شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعاون کو فروغ دینا ہمارے مشترکہ مفاد میں ہے۔

ترکی میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔ رواں ماہ ترکی کی عدالت نے جمال خاشقجی کیس کو سعودی عرب منتقل کرنے کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔


متعلقہ خبریں