آئین پامال کرنے والوں کو سلاخوں کے پیچھے پھینکنا چاہیے، مریم نواز


مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ  پی ٹی آئی اور ان کے ساتھیوں نے بار بار آئین کو پامال کیا۔ اگر اب بھی یہ ایسا کرتے ہیں تو انہیں گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے ڈالنا چاہیے۔

نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو  کرتے  ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب اسپیڈ پنجاب سے نکل کر پاکستان اسپیڈ بن گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اپنی صلاحیتوں سے جلد چیلنجز پر قابو پالیں گے۔  وزیر اعظم شہباز شریف دن رات جس طرح محنت کرتے ہیں بہت جلد عوام کو گورننس سمیت دیگر معاملات میں بہتری نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ  پی ٹی آئی اور ان کے ساتھیوں نے  قومی اسمبلی اور پنجاب  میں بار بار آئین کو  پاوں تلے روندا ہے۔ عدالتوں کے احکامات کو ہوا میں اڑایا گیا۔ یہ لوگ اب بھی  بچوں کی طرح ضد کر رہے ہیں جو ہمیں نہیں ملا کسی اور کو بھی نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ اگر اب  جوکروں کا ٹولہ آئین شکنی کرتا ہے تو انہیں سلاخوں کے پیچھے ڈالنا چاہیے۔ اس طرح لے لوگوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جاسکتی۔

مسجد نبوی ﷺ واقعے پر بات کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ سعودی عرب کاواقعہ افسوسناک ہے۔ ان لوگوں نے سیاسی دشمنی میں مسجد نبوی کی بےحرمتی کی۔ سیاسی دشمنی میں اتنا آگے بڑھ گئے کہ محبوب ہستی کے تقدس کا بھی لحاظ نہیں رکھاگیا۔ اس واقعے سے پاکستان بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس طرح کا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ یہ  یہاں  بھی غنڈہ گردی کررہے ہیں اور سعودی عرب میں بھی کرنے کی کوشش کی۔ یہ سب کچھ منظم طریقے سے کیا گیا ہے۔عمران خان پاکستان کے سب سے بڑے فتنے کا نام ہے۔ اس فتنےکو جتنی جلدی کچل کر اس کی اصل جگہ پرپہنچادیں اتنا ہی پاکستان  کا فائدہ ہے۔

 


متعلقہ خبریں