پی ٹی آئی کی ریلیاں: قوم حقیقی آزادی کیلئے عمران خان کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہے، اسد عمر

پی ٹی آئی کی ریلیاں: قوم حقیقی آزادی کیلئے عمران خان کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہے، اسد عمر

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ پوری قوم حقیقی آزادی کے لیے عمران خان کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہے۔

امریکی تجزیہ کار نے بتادیا، وزیراعظم کو آزاد خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہٹایا گیا: عمران خان

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر نکالی جانے ولای ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، آفتاب جہانگیر اور خرم شیر زمان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر کراچی، اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رہنما اور کارکنان پاکستان اور پارٹی کے جھنڈے اٹھا کر ریلیاں نکال رہے ہیں۔

شرکائے ریلی کی جانب سے اس موقع پر حکومت مخالف نعرے بازی کی جا رہی ہے اور پارٹی کے حق میں فلک شگاف نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں کہا جارہا ہے کہ کون سے فیصلے کرنے ہیں؟ عمران خان تمام فیصلے پاکستان کی بہتری کو دیکھ کر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غلامی نامنظور، آزادی کی زندگی گزاریں گے، سر اٹھا کر زندگی گزاریں گے اور کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف اللہ سے ڈرتا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کے پاس سچا اور ایماندار لیڈر عمران خان کی شکل میں موجود ہے، اپنے جائز حق کو منوانے کے لیے عوام سڑکوں پر ہیں۔

عمران خان نے بائیڈن انتظامیہ سے پاکستان میں حکومتی تبدیلی پر وضاحت مانگ لی

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ 31 مئی سے پہلے جعلی حکومت کا دھڑن تختہ ہوگا، تحریر اسکوائر سے زیادہ لوگ اسلام آباد میں جمع کر کے دکھائیں گے، 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف 10 میں نکالی جانے والی پی ٹی آئی کی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ اسلام آباد پی ٹی آئی کا ہے، امریکہ میں بیٹھ کر کہا جاتا ہے کہ ہم نے عمران خان کو سبق سکھایا، امریکہ خود تو پاکستان آیا نہیں، اگر انہوں نے سازش کی تو مداخلت کس نے کی؟

عمران خان کی کردار کشی کیلئے بڑی مہم شروع ہونے والی ہے، فواد چودھری

سابق وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ مئی کا آخری ہفتہ آنے والا ہے، 20 لاکھ لوگ تو صرف اسلام آباد سے آجائیں گے، ہم اس مداخلت کو نہیں مانتے ہیں۔


متعلقہ خبریں