عمران خان کے ہاتھ میں وزیراعظم بننے کی لکیر نہیں، پیپلز پارٹی


اسلام آباد: پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ  جب ایک پارٹی منشور دے گی تو دوسری تنقید بھی کرے گی، ایک سیاسی جماعت کی جانب سے دیے جانے والے ایجنڈے سے واضح  نہیں کہ یہ 100 دن کا ہے یا 100 سال کا۔

پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹرمولا بخش چانڈیو نے اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ  پریس کانفرنس کرتے ہوئے  کہا کہ عمران خان کے ہاتھ میں وزیراعظم بننے کی لکیر نہیں۔ آنے والے دنوں میں سب پیپلز پارٹی کی کارکردگی دیکھیں گے، ہم نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر افسوس ہو۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آج تک تبدیلی نہیں لا سکے، کوئی جا کر خیبر پختون خوا کی حالت دیکھے  تو حیران رہ جائے گا، عمران خان انقلاب کیسے لائیں گے؟ ان کے تو نکات میں ہی سنجیدگی نہیں۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ پچھلے 50  دنوں میں عمران خان نے 100 لوٹے جمع کیے، ہمایوں خان نے کہا کہ سب جانتے ہیں  کہ عمران کے دعوے جھوٹے ہیں، ان میں قیادت کی صلاحیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ جوق درجوق پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں کیونکہ ان کے پاس کوئی دوسری چوائس نہیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فیس بک اور سوشل میڈیا پر جھوٹ دکھایا جبکہ ان کا صحت کا کوئی منصوبہ پورا نہیں ہوا، خیبر پختونخوا میں سرکاری اسپتالوں کی حالت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، چیف جسٹس خود کہتے ہیں کہ انہوں نے کے پی کو جیسا سوچا تھا ویسا نہیں پایا۔


متعلقہ خبریں