سینئر صحافی، تجزیہ کار خالد حمید فاروقی انتقال کر گئے


لندن: سینئر صحافی، تجزیہ کار اور دانشور خالد حمید فاروقی برسلز میں انتقال کر گئے۔

فیملی ذرائع کے مطابق خالد حمید فاروقی کچھ عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے لیکن لندن سے برسلز واپس پہنچے تو اچانک ہارٹ اٹیک ہوا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

خالد حمید فاروقی کا تعلق کراچی سے تھا لیکن وہ طویل عرصے سے یورپ میں مقیم تھے انہوں نے پسماندگان میں بیوہ، بیٹا اور بیٹی کو چھوڑا ہے۔

خالد حمید فاروقی عالمی امور پر رپورٹنگ کے لیے شہرت رکھتے تھے، وہ جیو نیوز سے وابستہ تھے، انہوں نے اہم امور پر مختلف ممالک سے غیر معمولی رپورٹنگ کی۔ حال ہی میں انہوں نے فرانس کے صدارتی انتخابات کی کوریج بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: بل گیٹس نے دنیا کو خبردار کر دیا

اس کے علاوہ خالد حمید فاروقی جنگ کی کوریج کے لیے حال ہی میں یوکرین بھی گئے تھے جبکہ وہ نیٹو، یورپی یونین کے امور کی کوریج کا وسیع تجربہ رکھتے تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی خالد حمید فاروقی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ خالد حمید فاروقی ایک کہنہ مشق اور اپنے پیشے سے عشق کرنے والے صحافی تھے اور خالد حمید فاروقی کی وفات صحافت کے شعبے کا بڑا نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ خالد حمید فاروقی کی صحافتی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، دعا ہے اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر دے۔


متعلقہ خبریں