یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ


اسلام آباد: ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان پیکج ختم کر دیا گیا جس کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر رمضان المبارک میں ضرورت کی مختلف اشیا پر دی جانے والی سبسڈی ختم کر دی گئی جس کے بعد قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دالوں، بیسن  اور کھجور پر جاری سبسڈی ختم کر دی گئی۔ سبسڈی ختم ہونے کے بعد دال ماش اور دال مونگ 10 روپے فی کلو مہنگی ہو گئی۔

بیسن کی قیمت میں 20 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا گیا ہے اور دودھ  کی فی لیٹر قیمت میں بھی 20 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب نامزد کر دیا گیا

کھجور کا 500 گرام کا پیکٹ 10 روپے مہنگا کر دیا گیا اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر 950 گرام چائے کی پتی 67 روپے تک مہنگی کی گئی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 400 گرام مصالے کی قیمت میں 36 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے اور 200 گرام سفید زیرہ کی قیمت میں 23 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر 50 گرام الائچی کی قیمت 18 روپے تک بڑھا دی گئی ہے اور لال مرچ 200 گرام 18 روپے، شیمپو 14 روپے تک مہنگا کر دیا گیا جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 100 گرام ہلدی کی قیمت 4 روپے بڑھائی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں