روس پر امریکہ کی نئی پابندیاں عائد


یوکرین پر حملہ۔ امریکا نے روس پر مزید پابندیاں عائد کر دیں۔ امریکہ نے مزید 2600 روسی اور بیلاروسی افراد پر ویزے کی پابندیاں لگائی ہیں۔جن میں تین روسی ٹی وی چینلز کے اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہیں۔

جی سیون رہنماؤں نے روسی تیل پر مرحلہ وار پابندی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

نئی امریکی پابندیوں کا اعلان اس وقت کیا گیا جب جی سیون رہنماؤں نے یوکرینی صدر سے ویڈیو کال پر بات چیت کی۔ ایک بیان میں جی سیون نے کہا کہ روسی صدر پیوٹن کے اقدامات روس اور اس کے لوگوں کی تاریخی قربانیوں کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں۔

دوسری جانب امریکی خاتون اول جِل بائیڈن اور اولینا زیلنسکی نے سرحدی گاؤں اوزہورد میں ملاقات کی۔ 24 فروری کے بعد پہلی بار اولینا زیلنسکی عوامی مقامات پر نظر آئی ہیں۔

اولینا زیلنسکی نے جِل بائیڈن کے دورے کو جرات مندانہ فیصلہ قرار دیا ہے، جبکہ جل بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکی عوام یوکرین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس تباہی کا سبب بننے والی جنگ کو ختم کرنا ہوگا۔

یاد رہے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ مشرقی یوکرین میں ایک سکول پر روسی طیارے نے بمباری کی، جس کے نتیجے میں  60 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ لوہانسک کے گورنر نے بتایا کہ یہاں 90 افراد نے محفوظ پناہ حاصل کر رکھی تھی اور اس عمارت سے 30 لوگوں کو نکال لیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں