موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ محدود کرنے کیلئے 100 ارب اضافی درکار ہیں: وزیر توانائی

بجلی کی پیدوار کیلئے سستے اور ماحول دوست توانائی ذرائع کا استعمال یقینی بنانا ہوگا، خرم دستگیر

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے واضح طور پر کہا ہے کہ 100 ارب روپے اضافی دیے جائیں تو موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ محدود کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ کی لوڈ شیڈنگ فوری کم کرنے کے اقدامات اٹھانے کی ہدایت

ہم نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ وزیراعظم نے یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ صفر کرنے کا اعلان کیا تھا تو اس وقت سے آج تک ملک میں لوڈ شیڈنگ صفر ہے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہے لیکن یہ سلسلہ مستقلاً برقرار نہیں رکھا جا سکتا ہے البتہ 100 ارب روپے اضافی فراہم کیے جائیں تو موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ محدود کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے آخری دور تک بجلی لوڈ شیڈنگ نہیں تھی، 18 سو میگا واٹ کے بجلی گھر ایندھن نہ ہونے سے بند تھا، پاور ڈویژن کا خسارہ کم کرنے کے لیے لوڈ مینیجمنٹ کی جا رہی ہے، وزارت سنبھالی تو 7 ہزار میگا واٹ کے پلانٹ بند تھے، کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سولر اور ونڈ پاور سے بجلی بنائی جائے۔

کراچی والوں کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 2گھنٹے بڑھا دیا گیا

ن لیگ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف وسیع البنیاد جمہوری حکومت کی قیادت کررہے ہیں، انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں توازن پیدا کرنے کی ہدایت کی ہے اور درکار وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ سابق حکومت نے سی پیک کو نقصان پہنچایا، تھر کول سے زیادہ سے زیادہ بجلی بنائی جائے، وزارت خزانہ اور پٹرولیم کے تعاون سے ایل این جی خریدی ہے۔

عوام کیلئے بڑی خوشخبری: ملک میں لوڈ شیڈنگ صفر کردی گئی

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئین کے تحت صدر وزیراعظم کی ایڈوائس کے پابند ہیں۔


متعلقہ خبریں