ثنا ارشاد مٹو ، پلٹزر ایوارڈ جیتنے والی پہلی کشمیری خاتون


کشمیر کی فوٹو جرنلسٹ ثنا ارشاد مٹو نے پلٹزر پرائز جیتنے والی پہلی کشمیری خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی نے اس ایوارڈ کا اعلان کیا، جسے 28 سالہ جرنلسٹ روئٹرز ٹیم کے اپنے تین دیگر ساتھیوں کے ساتھ شیئر کریں گی۔

ہندوستان میں کوویڈ 19 کے بحران کی بہترین کوریج کے لیے مٹو نے یہ ایوارڈ جیتا ہے، ان کی ٹیم میں مرحوم دانش صدیقی، عدنان عابدی، اور امیت ڈیو شامل ہیں۔

ٹیم کے ایک ممبر دانش صدیقی افغانستان میں طالبان کی جانب سے ملک پر قبضے کی کوریج کرتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے تھے۔  یہ ان کے لیے دوسرا پلٹزر انعام ہے۔ اس سے قبل  2018 میں انہیں روہنگیا بحران کی کوریج کے لیے اسی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ دانش صدیقی کو دنیا کے بہترین فوٹو صحافیوں سے میں سے ایک مانا جاتا تھا۔

2020 میں، تین کشمیری فوٹو جرنلسٹ ڈار یاسین، مختار خان، اور چنی آنند نے پلٹزر ایوارڈ جیتا تھا، تاہم ثنا ارشاد یہ ایوارڈ جیتنے والی پہلی کشمیری خاتون ہیں۔

مٹو کا کام کئی بین الاقوامی میگیزینز میں شائع ہو چکا ہے، جبکہ فری لانسنگ کے کام میں جانے سے پہلے وہ کشمیر ولا کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔

پلٹزر انعام امریکا میں اخبار، میگزین، آن لائن صحافت، ادب اور موسیقی کی ساخت میں کامیابیوں کے لیے دیا جاتا ہے، جس کا آغاز 1917 میں کیا گیا تھا۔

 

 


متعلقہ خبریں