امریکی جنرل کا آرمی چیف کو فون، سبیکا شیخ کی موت پر تعزیت


راولپنڈی:  امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر جنرل جوزف ووٹیل نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کو ٹیلی فون کر کے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی موت پر تعزیت کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل جوزف نے ٹیکساس کے ایک اسکول میں ہونے والی فائرنگ میں پاکستانی طالبہ کی موت پر سوگوار خاندان سے بھی اظہارافسوس کیا۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے تعلق رکھنے والی سبیکا عزیز شیخ  یوتھ ایکسچیج اینڈ اسٹڈی پروگرام  18-2017 کے تحت ٹیکساس کے شہر سانتا فے کے ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کررہی تھی اوراس  نے نو جون کو وطن واپس آنا تھا، وہ ان 75  پاکستانی طالب علموں میں شامل تھی جنہیں اسکالرشپ پروگرام کے تحت امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔

18 مئی کو سانتا فے ہائی اسکول کے ایک طالب علم کی  فائرنگ کے نتیجے میں نو طالب علموں اور ایک استاد سمیت دس افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جن میں سبیکا شیخ بھی شامل تھی۔

فائرنگ کرنے والے طالب علم کو زندہ گرفتار کر لیا گیا اوراس نے خاموش رہنے کے حق سے دستبردار ہو کر اعتراف جرم بھی کر لیا ہے، اس وقت امریکی عدالت میں ملزم  ڈیمیٹریوس پیگورٹز پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں