شدید گرمی کی پیش گوئی، ہیٹ سٹروک کا خطرہ بڑھ گیا


سورج کا پارہ ہائی،گرمی جان کو آئی،ہیٹ سٹروک کا خطرہ بڑھ گیا،قومی ادارہ صحت نے ایڈوائزری بھی جاری کردی،ہیٹ سٹروک کی علامات کیا ہیں اور اس سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟

قومی ادارہ صحت نے ہیٹ سٹروک کی روک تھام کے حوالے سے بروقت اور مناسب اقدامات کےلیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردیں،ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ہیٹ اسٹروک ایسی طبی حالت ہے جس کا بروقت مناسب علاج نہ کیا جائے تو یہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

ہیٹ سٹروک کی علامات میں خشک،گرم اورسرخ جلد، پسینے کا نہ آنا،بے ہوش ہوجانا،متلی یا الٹی،کمزوری یا سستی،بخار،سردرد اور دل کی دھڑکن کا تیز ہونا شامل ہے،ہیٹ سٹروک اعضاء کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے یا معذوری کا سبب بن سکتا ہے۔

شیر خوار،65 سال سے زائد عمر کے افراد،ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض،ایتھلیٹس اور آئوٹ ڈور کام کرنیوالے ورکرز کو ہیٹ اسٹروک کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔

قومی ادارہ صحت نے ہدایات دی ہیں کہ گرم موسم میں زیادہ پانی پئیں اورزیادہ درجہ حرارت والی جگہوں پر براہ راست سورج کی روشنی میں جانے سے گریز کریں،سر کو ٹوپی سے ڈھانپیں اورہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں،براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے والے افراد کو وافر مقدار میں پانی کا استعمال کرنا چاہیے۔

ادھر کراچی اور لاہور سمیت میدانی  علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے اور وسطی میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

کراچی آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا،محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

شہری دن 11بجے سے 4 بجے تک غیرضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 40 سے 50 فیصد رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دو روزمیں درجہ حرارت دو سے تین پوائنٹ کم ہوگا۔ 17مئی سے گرمی کی لہر دوبارہ شدت پکڑے گی۔

آئندہ دو روز تک حیدر آباد، بدین ،میرپور خاص،عمر کوٹ ، سانگھڑ میں پارہ 46 ڈگری کو چھو سکتا ہے۔

لاہور میں آج پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق  وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

بالائی خیبر پختونخوا، خطہ  پوٹھوہار اورآزاد کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔اسلام آباد میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہےسرگودھا، میانوالی ، بھکر، لیہ ، ڈی جی خان اور ملتان میں  بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کےزیراثررہیں گے۔ واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے نے آئندہ ہفتے بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے پر الرٹ جاری کر رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں