اسلام آباد ہائیکورٹ، ملعون ڈچ سیاستدان کی توہین آمیز ٹوئٹس کیخلاف اقدامات کی ہدایت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملعون ڈچ سیاستدان گیرٹ ولڈر کی توہین آمیز ٹویٹس کے خلاف مؤثر اقدامات کی ہدایت کر دی۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملعون گریٹ ویلڈر کی جانب سے توہین آمیز ٹویٹس کے خلاف درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کے تحفظ کے لیے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت آئی ٹی مناسب ایکشن کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے معاملہ رکھ سکتی ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺکی درخواست پر 4 صفحات کا فیصلہ جاری کیا۔ جس میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف عدالتی احکامات پر حکومت عملدرآمد کرے۔

عدالت نے پٹیشن کوری پریزینٹیشن بنا کر چیئرمین پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی کو بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پٹیشنر نے مفاد عامہ کا معاملہ اٹھایا ہے کہ ڈچ سیاست دان لگا تار توہین آمیز ٹویٹس کر رہا ہے اور مسلمانوں کے جذبات کے تحفظ اور مناسب ایکشن کے لیے وفاقی حکومت کو ہدایات جاری کرنا ضروری ہے۔

عدالت نے فیصلہ دیا کہ پی ٹی اے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اس حوالے سے مناسب اقدامات اٹھانے چاہییں اور سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خلاف وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے کو یہ عدالت پہلے بھی ہدایات دے چکی۔ پی ٹی اے کی بطور ریگولیٹر ازخود بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے حساس معاملات کو دیکھے۔


متعلقہ خبریں