حج درخواست گزاروں میں سے کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج ہو گا، وفاقی وزیر

حج درخواست گزاروں میں سے کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج ہو گا، وفاقی وزیر

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ حج درخواست گزاروں میں 32 ہزار کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج کیا جائے گا، کامیابی کے بعد رہ جانے والے افراد کی تفصیلات بھی آج ہی دی جائیں گی جب کہ غیر منتخب افراد اپنی رقوم بینکوں سے واپس لے سکیں گے۔

حج 2022: 81 ہزار لوگ جائیں گے، سرکاری فیس 9 لاکھ 45 ہزار

ہم نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی کوٹے پر 31253 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے جب کہ کل 63 ہزار 604 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات نے کہا کہ  ہمیں 86 ہزار عازمین حج کوٹہ ملا تھا، 40 فیصد کے مطابق 32 ہزار افراد کی بیلٹنگ کی جارہی ہے، کامیاب امیدواروں کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کیا جائے گا۔

حج 2022 کی قرعہ اندازی آج اسلام آباد میں ہوگی

امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے کہا کہ وزیر اعظم نے حج اخراجات قابل برداشت رکھنے کیلئے یقین دہانی کرائی، سعودی عرب کے حج اخراجات کےاعلان کے بعد حتمی حج پیکج کا اعلان ہوگا، پچھلے سال حج کی صرف مقامی طور پر اجازت تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 65 سال سے زائدعمر کےافراد حج پر نہیں جاسکیں گے، حج ڈائریکٹریٹ سعودی حکام سے رابطے میں ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سعودی عرب میں ہیں۔

حج اخراجات 10 لاکھ تک جا سکتے ہیں، وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے ایک سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ حج اخراجات زیادہ ہونے کی وجہ سے بھی کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں، حج پالیسی مرتب کرنے کیلئے ہمیں انتہائی کم وقت ملا، سرکاری سطح پرایک ہزارافراد کا خصوصی کوٹہ الگ رکھا گیا ہے، عازمین حج کے لیے اپنا ذاتی اسمارٹ فون لے جانا لازمی ہے۔


متعلقہ خبریں