عوام کو مشکل میں نہیں ڈالا جا سکتا، گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیر اعظم

آئی ایم ایف کی مخالفت مسترد، حکومت کا اہم شعبوں میں سبسڈی دینے کا فیصلہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں گندم کی کمی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے پرتشویش کا اظہار کرتے  ہوئے کہا ہے کہ عوام کو کسی صورت مشکل میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف  نے صوبوں کے گندم کی خریداری کے لیے دئیے گئے اہداف پورے نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔صوبے یکم جون تک گندم خریداری کے اہداف پورے کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو کسی صورت مشکل میں نہیں ڈالا جا سکتا ۔وفاقی حکومت ہر صورت کم قیمت پر آٹا فراہم کرے گی۔سیاست سے بالاتر ہو کر وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کی بھی ہر ممکن مدد کرے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ غریب عوام کی خدمت اولین فریضہ ہے۔قوم کا ایک ایک پیسہ بچانا بطور حکومت ہمارا فرض ہے۔ملک میں وافر مقدار کی گندم موجود ہے تاہم صوبے ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات لیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ سستی ترین اور بہترین معیار کی گندم درآمد کو یقینی بنایا جائے۔تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کی 10 کلو قیمت 490 روپے برقرار رکھی جائے۔اوپن مارکیٹ میں بھی باقی صوبے اسی قیمت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

وزیر اعظم شہباز شریف  نے وزیر خوراک کو ہدایت کی ہے کہ باہر سے درآمد کی جانے والی گندم کی صوبوں میں شفاف تقسیم کے لیے فوری کمیٹی قائم کی جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ، مریم اورنگزیب، متعلقہ ڈویژنز اور محکموں کے افسران اور صوبائی چیف سیکریٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔


متعلقہ خبریں